این سی کا 13جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت
منیر خان
راجوری //یوم شہداء کے موقعہ پر راجوری میں نیشنل کانفرنس سمیت کئی دیگر تنظیموں نے تقاریب منعقد کرکے شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا ۔ نیشنل کانفرنس کی طرف سے ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع صدر نیشنل کانفرنس شفاعت خان ، سابق ایم ایل اے راجوری محمد اسلم خان ،جنرل سیکریٹری شفقت میر ،بلاک صدر آفتار لون ، یوتھ ضلع صدر مطیع الرحمان میر، نعیم احمد بٹ ، نرمان سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔ تمام شرکاء نے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور تاریخ کشمیر کے کئی اوراق پلٹے ۔ شفاعت خا ن نے کہا کہ ڈوگرہ راج کی بربریت کے خلاف آواز اٹھانے والے کشمیری نہتے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جسے کشمیرکی تاریخ میں سیاہ باب کہا جاتا ہے اور یہ ڈوگرہ تاریخ کا کالاکارنامہ ہے ۔ انہوں نے ان تمام لوگوں کی مذمت کی جو یوم شہداء پر سوال کھڑتے کرتے ہیں اور اسے محض کہانی قرار دیتے ہیں ۔
سرنکوٹ نیشنل کانفرنس کا اجلا س منعقد
بختیار حسین
سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس ورکران کی ایک میٹنگ مغل دربار ہوٹل سرنکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں اننت ناگ میں یاتریوں پر ہوئے حملے کی مذمت کی گئی ۔این سی کارکنا ن نے حملے کو غیر انسانی فعل قرار دیااور کہا کہ یہ حملہ انسانیت کے منافی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوںنے ہریانہ کی ایک مسجد کے امام پر ہوئے حملے کی بھی مذمت کی اور کہاکہ ایک جمہوری ملک میں ایسا اقدام حکومت کی ناکامی کا ثبوت پیش کرتاہے ۔ان کاکہناہے کہ آج ریاست ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور لوگوں کا امن و سکون لٹ چکاہے ۔این سی کارکنان نے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی سرکار اس وقت فرقہ واریت اور فسادات کوبھڑکارہی ہے جس کا نقصان صرف ریاست جموں کشمیر کو نہیں بلکہ پورے ہندوستان کو ہوگاتاہم بدقسمتی سے حکومت اس طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ۔مقررین نے کہا کہ اگر سرکار کرسی کی لالچ کو چھوڑ کر عوامی مسائل کرنے پر زور دے تو بہت حد تک ریاست ترقی کی طرف گامزن ہوسکتی ہے لیکن حکومت نے صرف لوگوں کو بیوقوف بنانے کاکام شروع کررکھاہے ۔انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں آدھار کارڈ نہیں بن پارہے اور لوگ دربدر بھٹک رہے ہیں۔اجلاس میں بلاک صدر سرنکوٹ طارق منہاس،ضلع سیکریٹری حمید رانا،نائب صدر بلاک بفلیازشادی خان ،اوبی سی لیڈر حاجی صادق قریشی ،ضلع جوائنٹ سکریٹری حمید خان،بلاک سیکریٹری گونتھل حاجی عزیز وغیرہ بھی موجود تھے۔