جموں //نیشنل کانفرنس کی جانب سے اتوار کے روز ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ،جس میں پارٹی کے سابق لیڈر بودھ راج بالی کو انکی 16ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت ادا کیا گیا۔اس موقعہ پر مقررین نے جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے کی گئی کاروائیوں کو اجاگر کیا۔پارٹی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میںانہیں ایک بہترین لیڈر قرار دیا جو اعلیٰ درجہ کے سیاسی اور انتظامی صلاحیتوں کے مالک تھے،جنھوں نے ریاست کی سیاسی افق پر ایک امٹ چھاپ چھوڑی ہے۔ڈاکٹر کمال نے مرحوم لیڈر کی جانب سے نیشنل کانفرنس کو مستحکم بنانے کے لئے انجام دی گئی کاروائیوں کو یاد کیا۔سابق وزیر اجے کمار نے مرحوم بالی کو ایک شریف النفس سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ریاست میں مختلف شعبوں میں بلا لحاظ مذہب و ملت ،رنگ و نسل لوگوں کی بھلائی کے لئے کافی کام کیا ۔بالی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی سیکرٹری رتن لعل گپتا نے کہا کہ مرحوم نے سماج کے کمزور طبقہ کی بھلائی کیلئے انتھک کام کیا۔پارٹی کے سینئر لیڈروں ٹھاکور کشمیرا سنگھ ،وجے بقایااور شیخ بشیر،وجے لکشمی دتہ، انیل دھر، پردیپ بالی، عبدالغنی تیلی، وجے لوچن وارث گل، پیارے لعل، رشید محمد، مہندر گپتا، رشیدہ بیگم ، وینا اوبرائے نے بھی بالی کو خراج عقیدت ادا کیا۔