جموں / / نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈروں نے منگل کے روز یہاں گھر گھر جاکر سرینگر پارلیمانی حلقہ سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور اننت ناگ حلقہ سے جسٹس حسنین مسعودی کے حق میں مائیگرنٹ ووٹروںکو ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ایک بیان کے مطابق ٹیم پارٹی کے ریاستی سیکرٹری رتن لعل گپتا، سابقہ ایم ایل سی وجے بقایا، صدر اقلیتی سیل ایم کے یوگی ،صوبائی سیکرٹری پردیپ بالی کے علاوہ بال کرشن بھٹ، ایم ایل منشی، ڈاکٹر امینہ، ابھجے بقایا، رتیش کول، رمیش، ٹی کے بھٹ اور مہاراج کرشن پر مشتمل تھی۔ٹیم نے ووٹروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور انہیں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے بھاری تعداد میں آگے آنے پر زور دیا ۔این سی کے صوبائی سیکرٹری رتن لعل گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ سے ہی مائیگرنٹوں کے مسائل ابھارے اور انکی بھلائی کے لئے کئی اقدام کئے۔انہوں نے متعدد سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مائیگرنٹوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کرنے کی تنقید کی اور انہیں این سی کے امید واروں کے حق میں ووٹ دینے کی تلقین کی۔وجے بقایا نے مائیگرنٹ ووٹروں سے سرینگر اور اننت ناگ پارلیمانی حلقہ سے بالترتیب ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جسٹس حسنین مسعودی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔