نئی دلی// نیشنل کانفرنس اراکین پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ، ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی مجسمے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے زرعی قوانین کی طرح 5اگست2019کے فیصلوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی حیدرپورہ انکائونٹر کے غیر جانبدادانہ عدالت تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پارٹی لیڈران نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر 5اگست2019کے فیصلوں کی منسوخی اور حیدر پورہ و لاوے پورہ انکائونٹروں کی تحقیقات کے مطالبوں کے نعرے تحریر کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے اراکین پارلیمان نے دفعہ193کے تحت جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا ۔ حسنین مسعودی نے حیدرپورہ انکائونٹر پر بحث کی تحریک بھی پیش کی ہے۔