سرینگر//قومی سطح کے اہلیت و داخلہ(این ای ای ٹی) امتحانات اتوار کو وادی میں منعقد ہوئے۔ ضلع سرینگر میں مختلف کالجوں اور سکولوں میں 56 سینٹر قائم کئے گئے تھے۔ضلع انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی انتظامیہ نے کویڈ۔ 19 کے تناظر میں معیاری عملیاتی طریقۂ کار کے وسیع انتظامات مرتب کئے تھے۔ تمام مراکز پراحسن طریقے سے امتحانات کے انعقاد کے لئے حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔مجموعی طور پر 20,137طلباء نے نیٹ( NEET) امتحان کے لئے داخلہ لیا تھا ان میں سے 18,689 اُمیدواروںنے امتحانی مراکز میں رپورٹ کیا جبکہ 1448 غیر حاضر تھے۔ اس طرح مجموعی طور پر 92.80 فیصد حاضری درج ہوئی۔ضلع انتظامیہ نے 40 سے زائد ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور نوڈل افسروں کو معقول طریقے سے امتحان کے احسن انعقاد اور طلبہ کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے تعینات کیا تھا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جاری کردہ ہدایت کے مطابق یہ امتحان سختی سے 6 فٹ کی جسمانی دوری ، ہینڈ سینی ٹائزر کی دستیابی ، صحت کی جانچ ، علامتی اُمیدواروں کے لئے الگ کمرے اور دیگر اِقدامات کے تحت کیا گیا تھا۔ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے امتحانات کے احسن انعقاد اور طلاب کی سہولیت کے لئے مختلف کالجوں اور سکولوں کی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔ضلع مجسٹریٹ شاہد اقبال چودھری اور ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر سیّد حنیف بلخی نے سول انتظامیہ اور پولیس اعلی افسران کے ہمراہ متعدد مراکز کا دورہ کیا تاکہ انتظامات کی نگرانی کی جاسکے۔ ایس ایس پی ڈاکٹر حسیب مغل اور ایس ایس پی ٹریفک جاوید کول نے مراکز کے قریب حفاظتی اور ٹریفک پارکنگ انتظامات کے لئے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا۔پولیس نے کہا کہ امتحانات کیلئے276پولیس افسران کے علاوہ3552اہلکاروں اور مرکزی نیم فوجی دستوں سے وابستہ اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
منوج سنہاکی جے ای ای مینز میں اوّل آنے والوں کو مبارک باد
نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں وکشمیر کے آرین گپتا اور نوید الامین کو جے ای ای مینز امتحان میں اوّل آنے پر مبارک باد پیش کی۔جموں کے آرین گپتا نے اِمتحان میں 99.77فیصد نمبرات حاصل کر کے جموں وکشمیر میں اوّل نمبر پر آئے ہیں جبکہ نوید الامین نے 99.23فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں ۔اَپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور یوٹی حکومت اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے مواقع ماحول فراہم کرنے کے لئے وعدہ بند ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اُن کی کامیابی نہ صرف جموں وکشمیر کے لئے باعثِ فخر ہے بلکہ اس سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ جات کے لئے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ترغیب حاصل ہوگی ۔اُنہوں نے ان کامیاب اُمید واروں کے لئے بہترین مستقبل کی تمنّا ظاہر کی۔