ڈوڈہ//این ایچ ایم ایمپلائز یونین ڈوڈہ نے قصبہ ڈوڈہ میں اپنا دفتر قائم کیا ہے جس کا مقصد این ایچ ایم ملازمین کی شکایات اور مسائل کا ازالہ کرنے کے اقدامات کرنا ہے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نوجوان سماجی کارکن اور ینگ اسٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ کے سرپرست منظور احمد بٹ نے دفتر کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صوبائی سینئر نائب صدر ڈاکٹر حمید پڑے،ایسوسی ایشن کے ضلع صدر فیضان علی ترمبو،چیئرمین مشہود لطیف،سینئر ایڈوائزر ناصر مسعود،ایڈوائزر شبیر احد،اشوک شان،ڈاکٹر تنویر ڈار،ڈاکٹر فہیم وانی اور ڈاکٹر عرفان کے علاوہ متعدد دیگر این ایچ ایم ملازمین بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈاکڑ حمید پڑے اور فیضان علی ترمبو نے این ایچ ایم ملازمین کو مبارک باد پودی اور دفتر کے قیام میں تعاون فراہم کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ریاستِ جموں وکشمیر میں یہ این ایچ ایم ملازمین کا پہلا دفتر ہے جہاں ضلع ڈوڈہ کے این ایچ ایم ملازمین کی شکایات اور اُنہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ این ایچ ایم یونین غیر مستقل این ایچ ایم ملازمین کی مستقلی اور اُن کے دیگر حقوق کے لئے محوِ جدوجہد ہے اور اس دفتر کا قیام اُن کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے۔اُنہوں نے این ایچ ایم یونین کے متحرک کارکنان کی محنت اور مشن کے تئیں اُن کی لگن کو سراہا تے ہوئے تمام این ایچ ایم ملازمین سے یونین کو بھر پور تعاون فراہم کرنے اور اُسے مضبوط بنانے کی اپیل کی تاکہ وہ اپنی جدوجہد کو مؤثر طریقہ سے آگے بڑھا سکے۔اُنہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ اپنے ہر قسم کے مسائل یونین کے سامنے رکھیں تاکہ وہ اُنہیں اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھا کر انہیں حل کروانے کی کوشش کریں۔