این آئی اے کی کارروائیاں بلا جواز:فریڈم پارٹی

 سرینگر//فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ریاست میں جاری گرفتاریوں اور ماردھاڑ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی مسئلہ کو زور و جبر کے بل پر زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی طاقت آزمائی کسی مسئلہ کا حل ہے ۔انھوں نے نوجوانوں کی شہادتوں اور شہری آبادی کے خلاف انتقام گیری پر مبنی کاروائیوں کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبرستان کی خاموشی کو امن کا نام دینے والوں کو اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ سیاسی مسئلہ سیاسی کاوشوں سے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور مخالفین کو جیلوں میں بند کرکے یا ان کے خلاف بے بنیاد کی سزا درج کرکے اپنی جیت درج کرنا کسی بھی طور قابل قبول نہیں اور نہ ہی یہ کسی مسئلے کا حل ہے ۔ترجمان نے شبیر احمد شاہ اور دیگر قائدین کے خلاف کی گئی کاروائیوں اور انہیں پابند سلاسل رکھنے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو جیل میں بند رکھ کر اور پرپگنڈہ کرکے کردار کشی کرنا آسان ہے اور دلائل اور ثبوتوں کی عدم موجودگی میں قید و بند کو طول دینا شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے ۔ترجمان نے فریڈم پارٹی کے دفتر سے منسلک ڈرائیور شیخ ضمیر احمد کے خلاف NIAکی کاروائی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پُر امن جدوجہد میں یقین رکھنی والی تنظیم کے ادنیٰ رکن کے خلاف اس طرح کی کاروائی کلیتاََ حق و انصاف کا خون ہے اور اس طرح غیر ضروری طور ادنیٰ کارکنان کے خلاف محاذ کھولنا سیاسی انتقام گیری کا ایک حصہ ہی قرار دیا جاسکتا ہے ۔ترجمان نے جموں میں تجارت پیشہ چودھری عبدالرازق کو NIAکے ذریعے گرفتار کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے یہاں تجارتی سرگرمیوں کو مفلوج اور تجارتی برادری کو خوف ذدہ کیا جارہا ہے ۔