نئی دہلی//بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے جاری رہنے کے دباؤ میں گھریلو سطح پر جمعرات کو مسلسل دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ جمعرات کو دارالحکومت دہلی میں پٹرول اور ڈیزل ایک بار پھر 35-35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے اور دیگر شہروں میں ڈیزل بھی سنچری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کچھ شہروں میں ڈیزل 100 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ اس مہینے میں دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں اب تک 21 میں سے 16 دن اضافہ ہوا ہے۔ اس ماہ اب تک پٹرول 4.90 روپے اور ڈیزل 5.50 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔ کل کے اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی میں پٹرول 106.54 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 95.27 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔بدھ کے روز ان دونوں کی قیمتوں میں 35-35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ آج کے اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول 112.44 روپے اور ڈیزل 103.26 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔