ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں

نئی دہلی //کانگریس نے کل ملک گیر سطح پر پٹرول-ڈیزل کی بے تحاشہ بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف سڑک پر نکل کر مظاہرہ کیا۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں یہ مظاہرہ بڑے پیمانے پر دیکھنے کو ملا جہاں مختلف پٹرول پمپوں پر کانگریس کے سرکردہ لیڈران و کارکنان نے مظاہرہ کیا اور گھوڑا گاڑی کی سواری بھی کی۔ مظاہرہ کرنے والوں میں دہلی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار، سینئر لیڈر اجے ماکن، کے سی وینوگوپال اور شکتی سنگھ گوہل جیسی معروف شخصیتیں شامل تھیں۔ کرناٹک میں پٹرول کی قیمت100روپے فی لیٹر تک پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شیوانند اسکوائر پر دھرنا دیا ۔ بھوپال میں سابق وزیراعلیٰ دگوجے سنگھ کی قیادت میں دھرنا دیا گیا۔ ریاست کے مختلف مقامات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع ہیڈکوارٹر پر مقامی رہنماوں کی قیادت میں دھرنا دے کر مظاہرہ کیا گیا۔چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ میں کانگریس کے کارکنان نے شہر کے مختلف پٹرول پمپوں کے سامنے دھرنا مظاہرہ کیا۔ ادھرایندھن کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے خلاف سبھی پٹرول پمپوں پر مظاہرہ کرنے کے کانگریس کے پروگرام سے کچھ گھنٹے پہلے اتر پردیش کانگریس صدر اجے کمار للو کو جمعہ کی صبح ان کے گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔