ڈورو//ڈورو شاہ آباد سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوںپر سیفٹی ایکٹ عائد کر کے کھٹوعہ جیل منتقل کیا گیا ہے ۔خورشید احمد وانی ولد عبدالاحد وانی ساکن چوگنڈ ویری ناگ پیشہ سے مزدور ہے اور گذشتہ اڈھائی مہینہ سے ڈورو تھانہ میں سنگ بازی کے الزام میں نظر بند تھا۔ لواحقین کے مطابق خورشید احمد کا3سال قبل گردے میں پتھری ہونے کے سبب آپریشن کیا گیا جس کے بعد رواں مہینے کی 18تاریخ کو ڈاکٹروں نے ایک بار پھر آپریشن کیا ۔تاہم گذشتہ روز اُن پر سیفٹی ایکٹ عائد کر کے کھٹوعہ جیل منتقل کیا گیا۔ محمد اشرف گنائی ولد غلام نبی گنائی ساکن منڈی پورہ پیشہ سے دکاندار ہے ۔وہ7ستمبر سے پولیس حراست میں تھا اورگذشتہ روز اُن پرسیفٹی ایکٹ عائد کر کے جیل بھیج دیا گیا۔اشرف کے والد کے مطابق اشرف کے تین کمسن بچے و اہلیہ ہے ۔گھر کا واحد کمائو ہونے کے سبب گھر کی ساری زمہ داری اُن پر ہی عائد ہے۔نثار احمد خان ولد محمد سلطان ساکن منڈی پورہ ڈورو پیشہ سے سرکاری ملازم ہے ۔اور 10ستمبر سے پولیس حراست میں تھا۔ مذکورہ نوجوان پر بھی سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا ۔نثار احمد کے دو کمسن بچے اور اہلیہ ہے ۔گرفتار ہوتے ہی اُن کو نوکری سے معطل کیا گیا ۔لواحقین کے مطابق نثار کسی بھی غیر کاموں میں ملوث نہیں ہے اور اُن پر جھوٹے الزام عائد کئے گئے ۔