کشتواڑ//مڑواہ سے تعلق رکھنے والے ایک کنبہ نے محکمہ صحت پر شدید درد میں مبتلاخاتون کو علاج کیلئے ایمبولینس گاڑی فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔ علاقہ مڑوہ کے چینجر گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون ہورا بیگم زوجہ مرحوم عبدالرشید ملک کی بیٹی روبینہ بیگم کو ہفتے کے روز پیٹ میں شدید تکلیف ہونے کا احساس ہواجسکے بعد اسے مڑوہ ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا جہاں موجودہ ملازمین سے اسے ضلع اسپتال کشتواڑ ریفر کردیا۔ خاتون نے بتایا کہ اس کے پاس کوئی مالی امداد دستیاب نہ تھی البتہ پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد نے اس کی مدد کرکے اسے مڑوہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے قصبہ کشتواڑ کی جانب منتقل کردیا۔خاتون نے مزیدبتایا کہ کشتواڑ ہیلی پیڈ پہنچنے کے بعد اسے لگ بھگ ایک گھنٹے تک ایمبولینس سروس کا انتظار کرنا پڑا لیکن آخر میں ایک پرائیویٹ گاڑی کا سہارا لے کر اپنی بیٹی کو ہسپتال پہنچانا پڑتا جو کہ شدید تکلیف سے گزر رہی تھی ۔تاہم ضلع اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ خاتون کی درخواست پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا کرایہ بھی معاف کردیا گیا ہے۔ضلع ہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ ایس ڈی عطری نے اس معاملے میں تحقیقات کرنے کا یقین دلایا۔وہیںچیف میڈیکل افسر ڈاکٹر عبدالمجید نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جانکاری فراہم کی جاچکی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کا ہیلی کاپٹر کرایہ معاف کردیا جائے گا جبکہ دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔