ڈھاکہ//تین مرتبہ کی فاتح ہندوستان کی ہاکی ٹیم نے بدھ کے روز ایشین چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے کانسہ کے تمغہ میچ میں روایتی حریف پاکستان کو3-4 سے شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیت لیا۔گزشتہ سیزن کے مشترکہ فاتح ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس دلچسپ مقابلے میں زبردست چیلنجنگ مقابلہ دیکھنے کو ملا اور آخر میں ہندوستان نے پاکستان سے ایک قدم آگے نکلتے ہوئے شاندار جیت درج کی۔ہندوستان کے لئے نائب کپتان ہرمن پریت سنگھ، سمیت، ورون کمار اور اکشدیپ سنگھ نے گول کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے ارفراز ، عبدالرانا اور احمد ندیم نے گول کیے۔ ہرمن پریت نے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر ہندوستان کو ایک۔صفر کی سبقت دلائی۔ پاکستان نے حالانکہ 10 ویں منٹ میں واپسی کی۔ افراز نے جوابی حملہ کرتے ہوئے شاندار گول کر کے سکور 1-1سے برابر کر دیا۔پھر دوسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم کو کئی پنالٹی کارنر ملے لیکن ٹیم ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ 22ویں منٹ میں ہرمن پریت کے شاٹ کو پاکستانی گول کیپر نے آسانی سے روک دیا۔ اس کے علاوہ آکاش دیپ سنگھ نے بھی پاکستانی دفاع پر جوابی حملہ جاری رکھا۔ تاہم وہ گول نہ کر سکے ۔ سخت مقابلے کے باوجود دوسرے کوارٹر اور پہلے ہاف تک دونوں ٹیمیں صرف ایک ایک گول کر سکیں۔اس کے بعد تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے جارحانہ انداز کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنالٹی کارنر حاصل کیا جسے عبدالرانا نے گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو دو۔ایک کی برتری دلا ئی۔ یہ گول 33ویں منٹ میں ہوا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام سے چند منٹ قبل ہندوستان نے جوابی گول کیا اور اسی دوران سمیت نے ہندوستان کے لیے دوسرا گول کرکے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔ تیسرے کوارٹر تک اسکور 2-2 سے برابر تھا۔چوتھے اور آخری کوارٹر میں ہندوستان نے جارحانہ ہاکی کھیلتے ہوئے مخالف ٹیم پر دباؤ بنایا۔ اس دوران ورون نے 53ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر پر شاندار گول کیا۔ اس کے چند منٹ بعد آکاش دیپ سنگھ نے جوابی حملہ کیا اور 56ویں منٹ میں شاندار گول کر دیا۔ اس گول کے ساتھ ہی ہندوستان نے چار۔دو کی سبقت بنالی۔ تاہم پاکستان نے بھی واپسی کی کوشش کی اور 57ویں منٹ میں اپنا تیسرا گول کیا لیکن پھر ہندوستان نے کسی نہ کسی طرح اپنی ایک گول کی برتری کو آخر تک برقرار رکھا اور ٹورنامنٹ کا اختتام کانسہ کے تمغے کے ساتھ کیا۔(یواین آئی)