میلبورن//تیزگیندباز پیٹ کمنز (36 رن پر تین وکٹ) اور آف اسپنر ناتھن لیون (36 رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشیز ٹسٹ میچ کے پہلے دن اتوار کے روز 185 رن پر سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا نے اس کے جواب میں اسٹمپس تک ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رن بنالئے ہیں اور وہ پہلی اننگز میں 124 رن سے پیچھے ہے۔ سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر 42 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 38 رن بناکر جیمس اینڈرسن کا شکار بنے۔ اسٹمپس کے وقت مارکس ہیرس 20 رن اور ناتھن لیون کھاتہ کھولے بغیر کیریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا درست فیصلہ کیا۔ کمنز نے تین وکٹیں لے کر انگلینڈ کی اننگزکو تباہ کردیا۔ انہوں نے سلامی بلے باز حسیب حمید، جیک کراؤلی اور ڈیوڈ ملان کو 61 رن تک پویلین بھیج دیا۔ رہی سہی کسر اسٹارک نے کپتان جو روٹ کو آؤٹ کر کے پوری کردی۔ روٹ نے 82 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے۔ روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالنے والا کوئی نہیں بچا۔ بین اسٹوکس 60 گیندوں پر 25 رن بناکر کیمرون گرین کی گیند پر ٹیم کے 115 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ جوس بٹلر تین رن بنانے کے بعد لیون کا پہلا شکار بنے۔ 128 کے اسکور پر بٹلر کی وکٹ گری۔ مارک ووڈ (6) کو اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے اسکاٹ بولانڈ نے پویلین بھیجا۔ جونی بیرسٹو نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 75 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 35 رن بنائے۔ اسٹارک نے بیرسٹو کو اپنا شکار بنایا۔ بیرسٹو آٹھویں بلے باز کے طور پر ٹیم کے اسکور 159 پر آؤٹ ہوئے۔ اولی رابنسن نے 26 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 22 رن بنائے۔ لیون نے رابنسن کو اپنا دوسرا شکار بنایا۔ اس کے بعد لیون نے جیک لیچ (13) کو اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا اور انگلینڈ کی اننگز 185 رن پر سمٹ گئی۔ کمنز نے 15 اوورز میں 36 رن دے کر تین وکٹیں ، لیون نے 14.1 اوورز میں 36 رن پر تین وکٹیں ،اسٹارک نے 54 رن پر دو وکٹیں جب کہ بولانڈ اور گرین کو ایک ایک وکٹ ملی۔یواین آئی