سرینگر//تعمیراتِ عامہ اور ثقافت کے وزیر نعیم اختر نے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن میں ایک میٹنگ کے دوران پرانی ایس پی ایس میوزیم عمارت کو محفوظ رکھنے سے متعلق خد و خال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں سیکرٹری کلچرایم سلیم شیشگر ، کنوینئر انٹیک ایم سلیم بیگ ، ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، ناظم سیاحت محمود احمد شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔نعیم اختر نے اس موقعہ پر ایک صدی پرانی ایس پی ایس عمارت کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شان رفتہ بحال کرنے کے لئے فوری طور کام شروع کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ پہلے عمارت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کا کام شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران اس مقصد کے لئے 50لاکھ روپے پہلے مرحلے کے تحت واگزار کئے جائیں گے۔2016ء میں انٹیک کی طرف سے تیار کی گئی تخمینہ جاتی رِپورٹ کے مطابق اس عمارت کو بحال کرنے کے لئے 1.023کروڑ روپے درکار ہوں گے۔وزیر نے کہا کہ بحالیاتی پروجیکٹ کے لئے بہتر ایجنسیوں کی خدمات حاصل کی جانی چاہئیں۔دریں اثنا انٹیک کے سینئر کنزرویشن آر کیٹیکٹ صائمہ اقبال نے ا س موقعہ پر ایس پی ایس میوزیم عمارت کے بحالیاتی منصوبے سے متعلق ایک پریذنٹیشن دی اور عمارت کے ڈھانچے اور دیگر مدوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔