سرینگر// صوبائی انتظامیہ نے آج یعنی 5 جون سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کو ہری جھنڈی دکھا دی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون نے کہا کہ ضلع سرینگر میں ایس پی ہائر اسکینڈری اور ایم پی ہائر اسکینڈری اسکول سوموار کے روز احتیاطی طور بند رہیں گے ۔ صوبائی انتظامیہ نے سوموار سے پوری وادی کے تمام اضلاع میں قائم کالجوں اور ہائر اسکینڈری اسکولوں کو کھولنے کو ہری جھنڈی دکھا دی ۔ معلوم ہوا کہ وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے حالیہ دنوں میں طلاب کی طرف سے کئے گئے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں پیدا ہوئی سنگین صورتحال میں حالیہ کچھ ہفتوں سے آئے ٹھہرائو کے بعد اعلیٰ پولیس و سیول حکام کے ساتھ تازہ صورتحال کو زیر غور لایا اور اس دوران یہ فیصلہ لیا گیا کہ 5 جون سے سرینگر میں قائم 2 ہائر اسکینڈری اسکولوں کے بغیر تمام کالجوں اور ہائر اسکینڈری اسکولوں میں معمول کے مطابق درس و تدریس کا عمل شروع کیا جائیگا ۔ وزیر تعلیم نے اعلیٰ حکام کو یہ ہدایت دی کہ وادی کے کالجوں اور ہائر اسکینڈری اسکولوں میں جلد سے جلد تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جائیں تاکہ ہزاروں کی تعداد میں ان تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء اور طالبات اگلے کچھ ماہ بعد ہونے والے سالانہ امتحانات میں شامل ہونے کیلئے تیاریاں جاری رکھ سکیں ۔