ایس پی۔بی ایس پی اتحاد سے بی جے پی کا مکمل صفایا یقینی: مایاوتی

  لکھنؤ//ملک کی عوام کو آنے والے عام انتخابات کے دوران بی جے پی کے لبھاونے وجھوٹے وعدوں سے محتاط رہنے کی نصیحت کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے منگل کو کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) سے کیا گیا اتحاد مرکز کی نریندر مودی حکومت کا مکمل طور سے صفایا کردے گا۔ اپنے 63 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس میں محترمہ مایاوتی نے کہا کہ ایس پی۔بی ایس پی اتحاد سے بی جے پی حواس باختہ ہے ۔ اس اتحاد کی مضبوطی کے لئے دونوں پارٹیوں کے لیڈروں اور کارکنوں کو سخت محنت اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ آنے والے عام انتخابات میں صنعت کاروں کا بھلا چاہنے والی حکومت سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ملک کی عوام سے کئے گئے وعدے ہوا ہوائی ثابت ہوئے ہیں جبکہ اس بار انتخاب کی آہٹ ہوتے ہی مسٹر مودی پورے ملک میں ریلیاں کر جھوٹے وعدے کر کے عوام کو گمراہ کرنے میں مشغول ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے میعاد کار میں صرف مٹھی بھر سرمایہ کاروں کا ہی بھلاہوا ہے ۔