جموں//گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے جموں اینڈ کشمیر شیڈ ول کاسٹس ، شیڈول ٹرائبس اور بیک وارڈ کلاسز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر س کی 39 ویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کارپوریشن کی کارکردگی کے علاوہ مختلف سکیموں پر جاری عمل آوری کا جائزہ بھی لیا گیا۔بورڈ نے اس موقعہ پر کئی فیصلے لئے جن میں جے اینڈ کے ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو وسعت دینے اور کارپوریشن کی مالی حالت کو بہتربنانے سے متعلق معاملات شامل ہیں۔اس موقعہ پر سماجی بہبود کے سیکرٹری فارو ق احمد لون ، امور قبائل کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ ، کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آر کے بھٹ ، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مونیٹرنگ بلال شہزادہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ محکمہ خزانہ شفاعت یحییٰ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔بورڈ آف ڈائریکٹرس سے کارپوریشن کو مزید مؤثر بنانے کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ساتھ میں سماج کے پچھڑے طبقوں کو اور زیادہ فوائد پہنچانے پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر آر کے بھٹ نے میٹنگ سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن کی انتظامیہ نے رقومات کی وصول یابی کی صورتحال میں بہتری لائی ہے ۔دسمبر 2018ء تک 8.20کروڑ روپے وصول کئے گئے جبکہ سال 2017-18کے دوران 5.72کروڑ روپے قرضے کی رقم وصول کی گئی۔ کارپوریشن نے دسمبر 2018ء تک 640 مستحقین میں 13کروڑ روپے کا قرضہ تقسیم کیا ۔مشیر موصوف نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ دیہی و دور دراز علاقوں میں بیداری کیمپ منعقدکریں تاکہ لوگوں کو کارپوریشن کی مختلف بہبودی سکیموں کے بارے میں جانکاری حاصل ہو۔بورڈ نے اس موقعہ پر جموں خطے میں کارپوریشن کی دفتری عمارت کی تعمیر کے لئے اراضی کو خریدنے کی تجویز کو منظوری دی۔