جموں//رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے حکومت اور وزیر تعلیم کو رہبر تعلیم اساتذہ کو بھی ایس آر او 43 کے دائرے میں لانے کیلئے سراہا ۔ فورم نے کہا کہ یہ اُس کی دیرینہ مانگ تھی ۔ اس ضمن میں آج آر ای ٹی ٹی ایف کا وفد فورم کے چیئرمین قاضی عبدالعزیز اور ریاستی صدر ونود شرما کی قیادت میں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری سے ملا اور ان کی دیرینہ مانگ پوری کرنے کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ فورم نے دیگر مانگیں بھی پیش کیں اور اُن کو پورا کرنے کیلئے وزیر کی مداخلت طلب کی ۔ رہبر تعلیم اساتذہ فورم کی جانب سے پیش کی گئی مانگوں پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے ریاست کے سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کیلئے کئے جا رہے اصلاحات سے اُن کو آگاہ کیا اور اساتذہ کے مسائل کے ازالہ کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں انہیں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے ازالہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کی واگذاری میں تعطل کے مسئلے پر غور و خوض کے دوران وزیر نے کہا کہ حکومت اس مسئلے کا سنجیدہ حل تلاش کر رہی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت محکمہ پولیس کی طرز پر ٹیچرز ویلفیئر فنڈ پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو لازمی کاروائی مکمل کرنے کی پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس سے قبل ارکان نے وزیر کو مانگوں کی یاداشت پیش کی جن میں ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کی واگذاری ، رہبر تعلیم اساتذہ کیلئے ٹرانسفر پالیسی اور بقایا جات کی ادائیگی وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے رہبر تعلیم اساتذہ کی تنخواہوں کو سٹیٹ نان پلان کے تحت لانے وغیرہ کی بھی مانگ کی ۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں محکمہ تعلیم کے رہبر تعلیم اساتذہ کو ایس آر او 43 آف 1994 کے دائرے میں لانے کے احکامات جاری کئے ۔