تہران //ایران کے دارالحکومت تہران میں دو مختلف حملوں میں پارلیمان کی عمارت کے علاوہ ایک مزار کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے کچھ افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا لیکن تازہ اطلاعات کے مطابق پارلیمان پر حملہ اب بظاہر ختم ہو گیا ہے اور تمام حملہ آور ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے تیسرا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے 12 افراد میں حملہ آور بھی شامل ہیں یا نہیں۔اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہو نے کی اطلاعات ہیں۔دولتِ اسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ داعش نے ایک ایسی ویڈیو نشر کی ہے جو ان کے مطابق پارلیمان کی عمارت پر حملے کے دوران عمارت کے اندر سے بنائی گئی۔24 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں ایک حملہ آور کو ساکن پڑے ایک شخص پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو گروپ کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔اگر دولت اسلامیہ کے اس دعوے کو مان لیا گیا تو یہ اس کا ایران میں پہلا حملہ ہو گا۔پارلیمان سے باہر ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں اور ایسی اطلاعات ہیں کہ اس فائرنگ سے ایک محافظ ہلاک بھی ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق پارلیمان پر حملہ کرنے والے خواتین کے کپڑوں میں ملبوس تھے۔