سرینگر//ایران انقلاب کی 43ویں سالگرہ کے موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں ’’انقلاب اسلامی اور ہم‘‘کے عنوان سے ایک محفل مذاکرہ آغا سید مجتبیٰ عباس کی صدارت میں منعقد ہوا ۔محفل مذاکرہ میں کئی علماء ،دانشور، شعراء اور طلاب نے شرکت کی ۔جن معززین نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا ان میں آغا سید مجتبیٰ عباس،سید محمد صفوی ،سید ذولفقار حسین جعفری ،جہانگیر غنی بٹ وغیرہ شامل ہیں۔ مقررین نے ایران انقلاب کو ایک تحفہ الٰہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انقلاب صرف ایرانی قوم کا اثاثہ اور سرمایہ افتخار نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ انقلابِ ایران احیائے اسلام کی ایک عالمگیر لہر کا سرچشمہ بن کر ارتقا کی منزلیں طے کر رہا ہے۔آغا سید مجتبیٰ عباس نے اس انقلاب کو اتحاد ملی کی حفاظت کا موثر ترین ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاغوتی قوتوں نے اس انقلاب کو روکنے کے لئے تمام تر حربے بروئے کار لائے اور انقلاب کی کامیابی کے ساتھ ہی ایران پر آٹھ سالہ جنگ مسلط کی لیکن ایرانی قوم و قیادت کی انقلاب اسلامی سے ایمانی وابستگی اور عزم و اسقامت نے دشمنان انقلاب کو ہر محاذ پر شرمناک شکست سے دو چار کیا۔ انہوں نے کہا ’’ انقلاب اسلامی ایران سے ہماری عقیدت اور وابستگی کا اہم تقاضا یہ ہے کہ ہم اتحاد ملی کی ہر قیمت حفاظت کریں‘‘۔
ایران انقلاب کی سالگرہ
