تہران// ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حسین سلامی کو میجرجنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کا نیا چیف کمانڈر تعینات کردیا۔ رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ حسن سلامی کو پاسداران انقلاب میں مختلف عہدوں میں کام کے عملی اور وسیع تجربے اور عزم کی بنیاد پر چیف کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔ نئے چیف کمانڈر کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'میجر جنرل محمد علی جعفری کی رائے کی روشنی میں پاسداران انقلاب کی کمانڈ میں تبدیلی کی ضرورت جبکہ دہائیوں پر مشتمل ان کے قیمتی اور شان دار خدمات، وسیع تجربہ اور عملی میدان میں مختلف ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے انہیں میجر جنرل کا عہدہ دیا جاتا ہے اور پاسداران انقلاب کا چیف کمانڈر کے طور پر تعینات کیا جاتا ہے'۔ سپریم لیڈر نے میجر جنرل حسین سلامی کو پاسداران انقلاب کو ہر سطح پر مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے اندروانی معاملات پر خصوصی توجہ دیں جو انتہائی اہم ہے۔