سرینگر //بیرون ریاستوں اور ممالک کا سفر کرنے والے افراد میںوائرس کے پھیلائو کے بعد صوبائی انتظامیہ نے سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکرینگ اور قرنطین کرنے کا عمل شروع کرنے کاحکم جاری کیا ہے۔ ڈویژنل کشمیر کشمیر پی کے پولے نے اپنے ایک حکم نامہ زیر نمبر 10/DIVCOM/2021بتاریخ 26مارچ میں لکھا ہے کہ بیرون ریاستوں سے آنے والے افراد اور سیاحوں میں متاثرین کی تعداد بڑھ گئی ہے اور اسلئے احتیاطی تدابیر اٹھانا لازمی بن گیا ہے ۔ ڈویژنل کشمیر نے اپنے حکم نامہ میں تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے زیر ماتحت اضلاع میں سفر کرنے والے افراد کی نشاندہی اور مثبت آنے والوں کے علاج و معالجہ کی سہولیات کا انتظام کریں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے کے نوڈل آفیسران کو سرینگر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات کریں جبکہ وائرس متاثرین کی ایئرپورٹ سے متعلقہ اضلاع میں محفوظ منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیات کا بھی انتظام کیا جائے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاحوں کے بھاری رش کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرینگر اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ائیرپورٹ پر کورونا وائرس متاثرین پر نظر گزر رکھنے کیلئے عملہ تعینات کریں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سرینگر اور ناظم سیاحت سیاحوں کو قرنطین کرنے کے سہولیات کا انتظام کریں گے۔