عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر میں برف و باراں کے بعد محکمہ موسمیات نے اگلے 5 دنوں کے دوران موسم ابر آلود مگر مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ متعلقہ محکمے نے بتایا کہ وادی میں 23 سے 28 دسمبر تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں 29 دسمبر کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہونے کی توقع ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ 30 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ میدانی علاقوں میں کہیں ہلکی بارشیں جب کہ پہاڑی علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی برف باری ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں 2 سے 5 جنوری تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں اگلے 5 دنوں کے دوران درمیانی سے گھنی دھند چھائی رہ سکتی ہے ۔ دریں اثنا وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سرینگر میں 2.7 گلمرگ میں منفی 2.2 ، پہلگام میں منفی0.2 ، کپوارہ میں2.4 ، قاضی گنڈ میں3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ وادی میں گلمرگ جبکہ جموں صوبے میں بھدرواہ سرد ترین علاقے رہے۔