جموں// اکھل بھارتیہ کشیپ مہا سبھا لیڈر سمیت متعدد سرکردہ او بی سی لیڈران نے سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ او بی سی ریاستی کارڈی نیٹرمدن لال چلوترہ نے ایک پروگرام کا اہتمام کیا جس میں صوبائی صدر منجیت سنگھ ودیگر لیڈران موجود تھے۔ پارٹی میں شامل ہونے والوں کا الطاف بخاری نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی او بی سی طبقہ کے لئے جموں وکشمیر میں ریزرویشن بڑھانے کے مطالبہ کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت او بی سی طبقہ کو27فیصد ریزرویشن دینے کے مطالبے کو تسلیم کرے تاکہ نظر انداز طبقے کی سماجی، اقتصادی، تعلیمی اور سیاسی ترقی ہوسکے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس دوران جنہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ، اُن میں اکھل بھارتیہ کشیپ مہاسبھا کے جنرل سیکریٹری درشن کمار مہرا، ست پال ورما، امردیپ لوہڑیا۔ راجندر سنگھ، سوم دت، اشوک کمار، تارا چند، سونو کشیپ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اس مقع پر اپنی ٹریڈ یونین اعجاز کاظمی، صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت وغیرہ بھی موجود تھے۔ دریں اثناء بلاور اسمبلی حلقہ سے کننو کھجوریہ نے اپنے درجنوں حمایتوں سمیت اپنی پارٹی کا دامن تھاما۔کھجوریہ نے کہاکہ بلاور کو ہمیشہ نظر انداز کیاگیا۔ سابقہ مخلوط حکومت میں بلاور کے نمائندے نائب وزیر اعلیٰ بھی رہے لیکن اںہوں نے علاقے کی ترقی کے لئے کچھ نہ کیا۔ انہوں نے مانگ کی کہ بلاور کو پہاڑی ضلع کا درجہ دیاجائے جوکہ کٹھوعہ صدر مقام سے بہت دور ہے۔