سرینگر//جموں و کشمیر انتظامیہ نے اکتوبر2021 میں سب سے زیادہ اشیاء وخدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) جمع کیا ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اکتوبر میں کل 648 کروڑ روپے جی ایس ٹی کی مد میں جمع ہوئے۔جوکہ جنوری2020میں کوروناوائرس کے بعد سب سے زیادہ ہے۔اکتوبرمیں جمع ہوا جی ایس ٹی ،ماہ ستمبر کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی کی وصولی 377 کروڑ روپے تھی۔گزشتہ سال اسی مدت کے مقابلے جی ایس ٹی کی وصولی تقریباً دوگناہو گئی ہے۔ اشیاء اور خدمات ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کونسل نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر جی ایس ٹی کی وصولیوں میں 70 فیصد اضافے کے ساتھ آگے ہے۔اس سال اگست میں جموں و کشمیر سے 392 کروڑ روپے جمع ہوئے جو جولائی میں 432 کروڑ روپے تھے۔بھارت میں اکتوبر کیلئے جی ایس ٹی کی وصولی1,30,127 کروڑ روپے رہی، جو کہ 2017 میں ٹیکس نظام کے نفاذ کے بعد سے دوسری بارسب سے زیادہ ہے۔حکومت نے اپریل2021 میں اب تک کا سب سے زیادہ1,41,384 کروڑ روپے کا مجموعہ ریکارڈ کیا۔حکام کے مطابق، جموں وکشمیر میں اقتصادی سرگرمیوں میں مضبوط بحالی جی ایس ٹی کی وصولی میں اضافے کی بنیادی وجہ رہی ہے۔کوروناکی وجہ سے، جموں و کشمیر سمیت تمام ریاستوں میں جی ایس ٹی کی وصولی میں کمی دیکھی گئی۔وسائل کے فرق کو پورا کرنے کے لئے مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کو 967.32 کروڑ روپے کی رقم واگزار کی۔2017 سے جب مرکز نے جی ایس ٹی نافذ کیا تھا جموں و کشمیر کو جی ایس ٹی معاوضے کے طور پر8367.32 روپے کی رقم ملی ہے۔
اکتوبر 2021میں سب سے زیادہ جی ایس ٹی وصول
