مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے اڑی علاقہ میں پردھان منتروی اواس یوجنا میں سے ابھی بھی کئی مستحقین کو باہر رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے متعدد غریب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بوسیدہ رہائشی مکانات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ فلاحی سکیم سے کئی مستحقین و انتہائی غریب کنبوں کو باہر رکھا گیا ہے جبکہ پنچایتی اراکین و محکمہ دیہی ترقی کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے سیاسی اثرورسوخ رکھنے والوں اور ملازمین کا حصہ دینے والوں کو مرتب کردہ فہرستوں میں شامل کر کے معاونت دی جارہی ہے ۔اڑی علاقہ کے محمد طفیل نے بتا یا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے دیگر 8افراد کے ہمراہ 2کمروں پر مشتمل ایک بوسیدہ رہائشی مکان میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی معاونت سے چلائی جارہی پردھان منتری اواس یو جنا کے تحت رہائشی مکان کےلئے انہوں نے پنچایت اراکین کےساتھ ساتھ کئی مرتبہ محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران سے بھی رجوع کیا ہے لیکن محکمہ کے ملازمین ہر مرتبہ ان کو جھوٹی تسلیاں دے کر واپس بھیج دیتے ہیں تاہم کئی برسوں بعد بھی ان کو رہائشی مکان کی تعمیر کے سلسلہ میں مرکزی سکیم کی عمل آوری کےلئے مرتب کردہ فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین صرف پیسے دینے والوں کو ہی فہرستوں میں شامل کرتے ہیں جبکہ غریبوں کو زمینی سطح پر یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔مقامی معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر بالخصوص اڑی گاﺅں میں مرکزی معاونت سے چلائی جانے والی سکیم کا غریب طبقہ کو فائدہ پہنچانے کےلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے جبکہ رشوت میں ملوث ملازمین کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
اڑی کے کئی بی پی ایل مستحقین پی ایم اے وائی سکیم سے باہر
