وزیر اعظم مودی کی صدر جمہوریہ مرمو کو سالگرہ کی مبارکباد پیش
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز اڈیشہ کے ضلع میوربھنج کے گاؤں پہاڑپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے 47,600 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور متعدد نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے مقدس قبائلی مقامات ’سانتھالی جاہیرا‘ اور ’ہو جاہیرا‘ میں حاضری دی، ایک ہنر مندی مرکز (اسکل سینٹر) اور پہاڑپور اسکول کا دورہ کیا اور ضلع میوربھنج کے رائرنگ پور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب اڈیشہ حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ’’وکاس را دھارا، اڈیشہ سارا‘‘ کے عنوان سے منعقد کی گئی تھی۔وزیر اعظم نے ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈبل انجن حکومت‘ ریاست کی ترقی کی رفتار کو تیز کر رہی ہے اور عوامی فلاحی منصوبوں، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع کے ذریعے عام شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے۔انہوں نے اڈیشہ کی ممتاز شخصیات، سنتھالی زبان کی اول چیکی رسم الخط کے خالق پنڈت رگھوناتھ مرمو، ڈاکٹر دمیانتی بیسرا اور چرن ہیمبرم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے سنتھالی زبان اور ثقافت کے تحفظ و فروغ کے لیے حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہند کو سنتھالی زبان میں بھی دستیاب کرایا گیا ہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ میوربھنج کی سرزمین سے ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے تک ان کا سفر اڈیشہ اور پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کی سادگی، عوامی خدمت کے جذبے اور قوم کی تعمیر کے لیے ان کی وابستگی کو سراہا۔وزیر اعظم نے صدر جمہوریہ کے ساتھ پہاڑپور کے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے ان کی سرپرستی میں قائم تعلیمی اداروں میں طلبہ سے ملاقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دروپدی مرمو کی متاثر کن شخصیت خاص طور پر قبائلی، محروم اور پسماندہ طبقات کے بچوں میں خود اعتمادی اور بلند حوصلے پیدا کر رہی ہے۔اس موقع پر ایک اہم اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہاڑپور گاؤں کو ’سولر ولیج‘ کے طور پر ترقی دی جائے گی تاکہ ہر گھر میں شمسی توانائی کی پیداوار ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اڈیشہ کے مشہور کونارک سورج مندر کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پہاڑپور مستقبل میں ملک کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والے ایک مثالی گاؤں کی حیثیت اختیار کرے گا۔