عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے ریٹرننگ افسر عبدالمجید پڈر نے کل چھانہ پورہ حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور سینئر کارکنوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس کے ذریعے تنظیمی انتخابات کے عمل کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔پارٹی سربراہ سید محمد الطاف بخاری اس اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے اور انہوں اس موقعے پر پارٹی انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کئی تجاویز اور ہدایات دیں۔پڈر نے شرکا سے حلقہ انتخاب کے تنظیمی ڈھانچے کے بارے میں معلومات طلب کرنے کے ساتھ ساتھ بعض اہم معاملات پر اْن سے اْن کی آراء حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی الیکشن کے لیے مندوبین کے انتخاب کا نظام اپنایا جائے گا۔ اس نظام کے تحت ہر 21 مندوبین کے گروپ کے لیے ایک فعال رکن منتخب کیا جائے گا، اور یہ منتخب اراکین ہی مل کر الیکٹورل کالج تشکیل دیں گے جو بلاک، ضلع، صوبہ اور ریاستی سطح پر عہدیداروں کا انتخاب کرے گا۔اجلاس کے دوران پارٹی انتخابات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کئی اہم فیصلے بھی لیے گئے، جنہیں مناسب وقت پر نافذ کیا جائے گا تاکہ انتخابات کو ہموار، منصفانہ اور مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیا جا سکے۔اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ آیندہ پارٹی میں شامل ہونے والے ہر نئے رکن کو ایک پودا دیا جائے گا تاکہ وہ اسے لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے۔ شجر کاری کے حوالے سے یہ قدم محض علامتی نہیں بلکہ ماحول کے تحفظ کے لیے پارٹی کے مضبوط عزم کو ظاہر کرے گا۔اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری اور عبدالمجید پڈر کے علاوہ صوبائی صدر محمد اشرف میر، سابق رْکن اسمبلی، پارٹی ترجمان اور پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر یاور میر، ترجمان اعلیٰ و سٹیٹ سیکریٹری منتظر محی الدین، ضلع صدر سرینگر محمد شفیع میر، صوبائی سیکریٹری کشمیر و حلقہ انچارج چھانہ پورہ محمد اشرف ، صوبائی سیکریٹری کشمیر انجینئر نجیب عباس خان، سجاد احمد ڈار، صوبائی جوائنٹ سیکریٹری کشمیر سجاد احمد ڈار، نائب صدر سرینگر اعجاز احمد راتھر، نائب صدر سرینگر ڈاکٹر بلال احمد میر، ضلع کوآرڈینیٹر شیخ نثار، ضلع آرگنائزر شعیب ڈار، پبلسٹی سیکریٹری عبدالرشید الائی، وارڈ صدر نٹی پورہ ارجمند مخدومی، وارڈ صدر بڈشاہ نگر عمران احمد لون، وارڈ صدر مہجور نگر مختار خان، وارڈ صدر باغات محمد شفیع پرینہ، وارڈ صدر چھانہ پورہ بلال احمد شاہ، وارڈ صدر باغ مہتاب نذیر بیگ، وارڈ صدر حیدرپورہ شیخ مظفر، وارڈ صدر راولپورہ نذیر احمد اور حلقہ تعلق رکھنے والے تمام سینئر کارکنان شامل تھے۔