سرینگر//چیف سیکریٹری وی بی آر سبھرامنیم نے آیوشمان بھارت۔ پردھان منتری جن آروگیا یوجنا ( اے بی ۔ پی ایم جے اے وائی ) کا باقاعدہ طریقے پر عمل آوری کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا۔سی ای او نیشنل ہیلتھ ایجنسی آیوشمان بھارت ڈاکٹر اندو بھوشن، صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اٹل ڈولو ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری سوگات بسواس ، مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جے اینڈ کے بھوپندر کمار ، ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ طارق احمد زرگر کے علاوہ ریاستی سرکار کے افسران اور نیشنل ہیلتھ ایجنسی کی ایک ٹیم نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ پچھلے مہینے وزیر اعظم کی طرف سے قومی سطح پر اے بی ۔ پی ایم جے اے وائی کے شروعات سے ریاستی حکومت یکم دسمبر 2018ء سے فلیگ شپ ہیلتھ انشورنس سکیم چالو کرنے کے لئے تیار ہے۔سکیم کا مقصد غریب اور نادار لوگوں کی صحت کو محفوظ رکھنے اور اس سلسلے میں اخراجات میں کمی لانا ہے ۔اے بی۔ پی ایم جے اے وائی کے تحت سالانہ فی کنبہ انشورنس کے دائرے میں لایا جائے گا جس کی مالیت سالانہ 5لاکھ روپے ہوگی۔اس سکیم کے فوائد لگ بھگ ریاست کے 613648کنبوں کو پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔چیف سیکرٹری نے اس سکیم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے بیداری مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنروں کی صدارت میں ضلع سطح پر شکایتوں کے ازالے کی کمیٹی قائم کی جائے گی جس کے کنوینئر چیف میڈیکل آفیسر ہوں گے۔