رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے پیر کے روز ضلع کے غریب اور ضرورت مند کنبوں میں ’’ آیوشمان بھارت۔ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ‘‘ ( AB-PMJAY) کے تحت وزیر اعظم کی چٹھیوں کو استفادہ حاصل کرنے والوں میں تقسیم کرنے کے عمل کاآغاز کیا، جسکے تحت استفادہ حاصل کرنے والوں کو طبی امداد مہیا کی جائے گی۔اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین ، سی ایم او ڈاکٹر سیف الدین خان،سی پی او اوتم سنگھ ، بی ایم او کا ٹیکنکل سٹاف و سکیم کے دیگر سٹیک ہولڈر بھی اس موقعہ پرموجود تھے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے کہا کہ تمام 19482چٹھیاں استفادہ حاصل کرنے والوں میں تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے تحصیلداروں اور بلاک میڈیکل افسروں کو یہ چٹھیاں مقررہ مدت میں تقسیم کرنے اور سکیم کے لئے رجسٹریشن عمل کے لئے بھی تیار رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے متعلقہ عہدہ داروں کو آیوشمان بھارت یوجنا کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لئے عوام تک رسائی کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر ڈی سی نے اجلاس کو مطلع کیا کہ ضلع میں AB-PMJAY کے تحت استفادہ حاصل کرنے والوں کی جانچ کی گئی ہے ،جس میں 19482 موزوں پائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مناسب جانچ کے بعد 103187 استفادہ حاصل کرنے والوں کو گولڈن کارڈز مہیا کئے جائیں گے۔انہوں نے سکیم سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کا اندراج یقینی بنانے کے لئے 31رضاکاروں کو رجسٹریشن مراکز فعال بنانے کے لئے روانہ کیا۔انہوں نے موجودہ ڈاٹا اینٹری آپریٹروں کو ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں رجسٹریشن کیمپ منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی ،تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سکیم کے دائرے میں لایا جا سکے ۔سکیم کے تحت ایک کنبہ کو سالانہ 5 لاکھ روپے تک کی طبی معاونت فراہم ہوگی۔