سرینگر//بہوری کدل میں گزشتہ شام مشتبہ جنگجوئوں کے ہاتھوں از جان ہوئے شہری کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عام شہری کی ہلاکت پر لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ معصو م شہریوں کو ازجان کرنا ایک بزدلانہ فعل ہے اور اس طرح کی بے رحمانہ کارروائیوں میں ملوث قاتلوں کو فوری طور پر قانونی شکنجے میں لاکر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کل شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے محمد ابراہیم خان نامی سیلز مین پر نزدیک سے گولیاں چلائی جس کے نتیجے وہ شدید طور پر زخمی ہوا۔خون میں لت پت اس شخص کو اگرچہ علاج ومعالجہ کی خاطر اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا تھا۔ اسپتال میں موجود ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دینے کے بعد قانون لوازمات مکمل کرنے کے بعد آخری رسومات انجام دینے کی خاطر لاش لواحقین کے سپرد کی گئی۔جوں ہی مہلوک کی نعش اسکے آبائی علاقے میں پہنچاتی گئ تو وہاں کہرام مچ گیا اور پورا علاقہ ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔شبانہ فائرنگ میں مارے گئے سیلز مین کی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی اور اسے پر نم آنکھوں کے ساتھ اسکے آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔