اننت ناگ//جنوبی کشمیر کے آڑو پہلگام علاقے میں سڑک پر برف ہٹانے کے دوران نزدیکی پہاڑی سے ایک بھاری بھر کم برفانی تودے کے نیچے جے سی بی ڈرائیور سمیت3افراد زندہ دفن ہوئے جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت موقعہ پر واقع ہوئی جبکہ ایک بعد میں چل بسا۔یہ دلدوز حادثہ سہ پہر قریب ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔معلوم ہوا ہے کہ پہلگام سے آڑو تک جانے والے راستے پر 3فٹ برف ہٹانے کا کام جمعہ کی صبح شروع کیا گیا اور جب ایک جے سی بی اور اسکے ساتھ2مزدور پہلگام سے 7کلو میٹر دور ششتر تھم گڈ کھمب پوائنٹ کے نزدیک پہنچ گئے تو برف ہٹانے کے دوران نزدیکی پہاڑی سے ایک برفانی تودا آگرا جس نے جے سی بی اور دیگر 2 مزدوروں کو اپنے ساتھ لیا۔ڈرائیور سمیت تینوں افراد برف کے نیچے دب گئے جس کے فوراً بعد بچائو کارروائی عمل میں لائی گئی اور تین گھنٹے کے بعد دو افراد کی لاشیں بر آمد کی گئیں، جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں زندہ بچا لیا گیا جو بعد میں پہلگام اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔مہلوک افراد کی شناخت جاوید احمد شیخ ولد محمد شعبان ساکن فرسلن پہلگام،الیاس احمد شاہ ولد عبدالغنی ساکن مندورہ ترال اور ڈرائیور عبدالعزیز ساکن آوورہ پہلگام کے بطور ہوئی ہے۔
آڑوپہلگام میں برفانی تودہ گرآیا
