۔3اضلاع میں مائیگرنٹ ملازمین کیلئے 122کنال اراضی پر فلیٹ تعمیر ہونگے
سرینگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ، جو لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی ، میںوادی کے مختلف علاقوں میں سی آر پی ایف کیمپوں اور3اضلاع میں کشمیری مائیگرنٹوں کیلئے ایک کمرہ والے رہائشی فلیٹ تعمیر کرنے کیلئے اراضی کی منتقلی کو منظوری دی گئی۔اِنتظامی کونسل نے ضلع پلوامہ میں ایس ڈی پی او آفس / پولیس سٹیشن لتر کی تعمیر کیلئے محکمہ پولیس کے حق میں 20کنال اراضی کی منتقلی کو منظور ی دی۔اِس کے علاوہ براہ شانگس اننت ناگ ، جمو پہلگام اننت ناگ ، سبحان پورہ بیج بہاڑہ اننت ناگ، الوپورہ شیخ پورہ کیگام شوپیان، زوورہ بدر ہامہ شوپیاں ، اوکھو کا کا پورہ پلوامہ، کدلہ بل پانپور پلوامہ اور قوئل پلوامہ میں 524 کنال 11مرلہ اراضی بٹالین کیمپنگ سائٹس کے قیا م کیلئے سی آر پی ایف کے حق میں منتقل کرنے کو منظوری دی گئی۔سال 2021ء کیلئے مطلع کردہ اسٹامپ ڈیوٹی نرخوں کے مطابق ادائیگی کے عوض زمین منتقل کی جائے گی۔ یہ سی آر پی ایف اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو محفوظ اور مناسب رہائش فراہم کرے گی۔مزید برآں کپوارہ، بارہمولہ اور بڈگام اضلاع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف، رِی ہیبلٹیشن اور تعمیر نو کے محکمے کے حق میں 122 کنال کی منتقلی کو بھی منظوری دی گئی تاکہ پی ایم ڈیولپمنٹ پیکیج کے تحت تعینات کشمیری مائیگرنٹ کیلئے 1بی ایچ کے، مکانات کی تعمیر کی جاسکے۔ کونسل میں ہرضلع میں ڈسٹرکٹ آڈِٹ دفاتر کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے مختلف سطحوں پر 54 اَسامیاں معرض وجود میں لانے اور محکمہ آڈِٹ اینڈ انسپکشن کو مستحکم بنانے کو بھی منظور ی دی گئی۔اِس فیصلے کا مقصد آڈِٹ ایگزرسائز کو مزید مؤثر، مرکزیت اور وسیع البنیاد بنانا ہے تاکہ سرکاری دفاتر کی کوریج کو بڑھایا جاسکے اور حکمرانی میں جواب دہی لائی جاسکے ۔ مختلف سرکاری اِداروں کا اندرونی آڈِٹ مرحلہ وار طریقے سے وقتاً فوقتاً کیا جائے گا۔محکمہ آڈِٹ اینڈ انسپکشن سرکاری اور بااختیار محکموںکے اِندرونی آڈِٹ کے لئے حکومت کا ایک بااختیار اِدارہ ہے۔اِنتظامی کونسل میں اودھمپور میں دو کنال سٹیٹ اراضی کو سب ریجنل آفس نیشنل سیمپل سروے آفس (این ایس ایس او) کے دفتر کی عمارت تعمیر کرنے کیلئے مرکزی وزارت سٹیٹسٹکس اور پروگرام عمل آوری کے حق میں منتقل کرنے کو منظور ی دی۔اَراضی 13,20,000 روپے کی ادائیگی پر منتقل کی جائے گی۔فی الحال ، نیشنل سیمپل سروے آفس کے فیلڈ اوپریشن ڈویژن( ایف او ڈی ) کے جموں اور سر نگر میں اَپنے ریجنل دفاتر ہیں جن کے سب ریجنل آفس اودھمپور ، اننت ناگ اور بارہمولہ اَضلاع میں ہیں جو کرائے کی عمارتوںمیں رکھے گئے ہیں۔