سمت بھارگَو
راجوری//آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے وائٹ نائٹ ایئر ڈیفنس بریگیڈ اور ڈرون فیبریکیشن سینٹر آف ایکسپرٹائز کا دورہ کر کے آپریشنل تیاریوں، کاؤنٹر یو اے ایس صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس دورے کا مقصد مستقبل کی جنگی حکمت عملی کے تناظر میں فورسز کی تیاریوں اور دفاعی نظام کی مضبوطی کو یقینی بنانا تھا۔سرکاری بیان میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے ایئر ڈیفنس بریگیڈ میں مختلف آپریشنل اقدامات، جدید تکنیکی منصوبوں اور دیکھ بھال کی سہولیات کا معائنہ کیا، جو فوجی تیاری اور تکنیکی برتری برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم تصور کی جاتی ہیں۔
اس دوران انہیں ڈرون ٹیکنالوجی، نگرانی کے جدید نظام اور انسداد ڈرون صلاحیتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فوجی حکام نے جی او سی کو بتایا کہ بدلتے ہوئے جنگی حالات اور جدید خطرات سے نمٹنے کے لیے فوج مسلسل نئی ٹیکنالوجی اپنا رہی ہے تاکہ دشمن کی ہر ممکن سرگرمی پر نظر رکھی جا سکے۔ خاص طور پر ڈرون نگرانی اور کاؤنٹر یو اے ایس نظام کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں دراندازی اور دیگر خطرات کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے مختلف یونٹس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی صلاحیت اور اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں کامیابی کے لیے مسلسل جدت، تربیت اور تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں اور ہر وقت مستعد رہیں۔اس سے قبل وائٹ نائٹ کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے ’ایس آف اسپیڈس ڈویژن‘ کے جی او سی میجر جنرل کوشک مکھرجی کے ہمراہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے کرشنا گھاٹی بریگیڈ کے ماتحت علاقوں میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔فوج کے مطابق افسران کو ایل او سی پر تعینات دستوں کی آپریشنل تعیناتی، نگرانی کے نظام اور انسداد دراندازی اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔ فوج نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر تعینات وائٹ نائٹ کور کے جوان انتہائی چوکسی، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایل او سی جیسے حساس محاذ پر جہاں ہر روز فوجی عزم اور حوصلے کا امتحان ہوتا ہے، وہاں وائٹ نائٹ کور کے اہلکار مسلسل مستعدی کے ساتھ دشمن کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فوج کا کہنا تھا کہ موثر نگرانی، جنگی تیاری اور مضبوط حوصلے کی بدولت فورسز نہ صرف سرحدی علاقوں میں مؤثر برتری قائم رکھے ہوئے ہیں بلکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔فوجی ذرائع کے مطابق اس قسم کے دوروں کا مقصد سرحدی علاقوں میں تعینات جوانوں کے حوصلے بلند کرنا، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور جدید جنگی تقاضوں کے مطابق دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر کیا گیا یہ دورہ فوج کی مسلسل تیاری، نگرانی اور قومی سلامتی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔