سرینگر//سائبرپولیس نے آن لائن رقومات لوٹنے والے گروہ کا پردہ فاش کیاہے۔سائبر پولیس کشمیر زون کو سرینگر شہر کے مقامی شہری کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ اس کے بینک اکانٹ سے11لاکھ روپے کی رقومات نکال لی گئی ہے جس کے بارے میں اس کے پاس کسی قسم کی کوئی معلومات نہیں ہے۔سائبر پولیس کشمیرزون نے معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا عمل شروع کیا۔ ابتدائی طور پر پتہ چلا کہ مذکورہ شخص کی رقم اس کے بھتیجے کے اکاونٹ میں جمع کردی گئی ہے۔شکایت کنندہ کے بھتیجے سے حقائق کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی جس دوران اس نے انکشاف کیا کہ وہ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے ساتھ رابطے میں آیا اور انہوں نے اسے اپنے بینک اکانٹ میں براہ راست فائدہ حاصل کرنے کے لیے آن لائن تجارت میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔اس نے مزید انکشاف کیا کہ چاچا کے اکائونٹ سے 11لاکھ رقم کے نکالنے کے علاوہ اس نے اپنے والد کے بینک اکانٹ سے 19لاکھ کی خطیر رقم بھی نکال کر اسے بھی آن لائن تجارت وسرمایہ کاری میں لگایا ہے جس کے نتیجے میں کل ملاکر 30لاکھ کا بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔سائبر پولیس نے دونوں بنک اکائونٹوں کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے بینک حکام کے ساتھ رابطہ کیا جہاں سے یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ بھاری رقم یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس ((UPI)اور انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے مختلف آن لائن ادائیگی کے گیٹ ویز میں منتقل کی گئی ہے۔ لین دین کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے معاملہ گیٹ وے حکام کے ساتھ رابطہ کرکے معاملہ اٹھایا گیا۔سائبر پولیس نے چوکسی اور تیزی سے کام کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم مختلف آن لائن ادائیگی کے گیٹ ویز میں ہونے والی تمام لین دین کا سراغ لگانے میں کامیاب رہی جو غیر ملکی کرنسی میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال ہو رہے تھے اس موقع پر 30لاکھ کی پوری رقم کو بلاک کرکے اُسے شکایت کنندگان کے بینک اکائونٹ میں واپس کر دیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سائبر پولیس کشمیر زون نے اس سے پہلے جنوری2022کے مہینے کے دوران7لاکھ روپے کی رقم لوٹنے سے بچائی ہے۔واضح رہے کہ آئی جی پی کشمیر زون کی ہدایت پر سائبر پولیس کشمیر کی جانب سے مختلف بیداری پروگرام بھی شروع کئے گئے ہیں جن میں عوام الناس کو مختلف آن لائن ٹھگی، فراڈ اور گھوٹالوں وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ عوام الناس کی محنت اور کمائی کی رقم لوٹنے سے بچایا جاسکے۔