آنگن واڑی ورکروں کا 10ویں روز بھی احتجاج

 
پونچھ//پونچھ میں لگاتار دسویں رو زبھی آنگن واڑی ورکروں و ہیلپروں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری رکھا۔اس دوران زنانہ پارک پریڈ گرائونڈ پونچھ میں بڑی تعداد میں خواتین نے تنخواہوں میں اضافے ، ملازمت کو باقاعدہ بنانے ، سبکدوشی پر آنگن واڑی کارکنوں کو چار لاکھ اور ہیلپروںکو دو لاکھ روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ یہ خواتین27فروری سے لگاتارکام چھوڑ ہڑتال کررہی ہیں۔احتجاجی آنگن واڑی ورکروں و ہیلپروں نے حکومت پر الزام عائد کیاکہ اس نے ان کے خاندانوں کو پریشانی میں مبتلا کررکھاہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کارکنان سے انتظامیہ ہر مرحلے پر کام کروا تی ہے لیکن ان کا محنتانہ دینے کے وقت ہاتھ کھینچ لیاجاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ملازمین کی تنخواہوں میں صرف انہی کے ساتھ تفریق کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی ملازمین کو نہ ملازمت کاتحفظ حاصل ہے اور نہ ہی انہیں کوئی دیگر سہولت میسر ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورہ ٔ پونچھ کے دوران انہیں پولیس کے ساتھ لڑنا پڑاتاہم پھر بھی کسی نے ان کی بات نہ سنی۔ انہوںنے کہاکہ وہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیںگی ۔