سرینگر/ / اپنی مانگوں کو لیکر آنگن واڑی ورکروں اورہلپروں نے منگل کو ایک مرتبہ پھر احتجاج میں سرعت لاتے ہوئے پریس کالونی سرینگر میںاحتجاجی دھرنا دیا اور سرکار مخالف نعرہ بازی کی ۔احتجاج کر رہی خواتین کا کہنا تھا کہ جب تک اُن کے مسائل حل نہیں ہوں گے تب تک اُن کا احتجاج جاری رہے گا ۔ آنگن واڑی ورکروں اور ہلپروں کی ایک بڑی تعدادگذشتہ کئی دنوں سے پرتاب پارک سرینگر میں خاموش دھرنا پر بیٹھی ہے ۔منگل کو انہوں نے اپنے احتجاج میں تیزی لاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پریس کالونی میں پہنچ کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور سرکار کے خلاف فلک شگاف نعرہ بازی کی ۔احتجاج کر رہیں خواتین ورکر اور ہلپر ماہانہ تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ کر رہی تھیں ۔اس دوران احتجاجی مظاہرین نے’’ آج ہمارا دھرنا ہے جینا ہے یا مرنا ہے ‘‘کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے حکومت کو ان کے مطالبات فوری حل کرنے پر زور دیا ۔