سری نگر// آل جموں و کشمیر چوکیدار ایسوسی ایشن نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص طور پر تنخواہوں میں اضافے کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی اپنے حقوق کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر سرتاج احمد وگے نامی ایک چوکیدار نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج تک جتنی بھی حکومتیں آئیں کسی بھی حکومت نے ہماری طرف دھیان نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوئی بھیک نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کافی بڑھ گئی ہے جبکہ ہمیں یومیہ پچاس روپیے دئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ہم مفلسی کی زندگی گذار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور تمام محکموں کے لئے ہم ہی سیڑھی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
احتجاجیوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ ان مسئلے کو حل کرانے کے لئے مداخلت کریں۔