ڈورو//آسیہ اندرابی کو ممتاز مقام حاصل کر نے والی خواتین فہرست میں شامل کر نا سی ڈی پی او برنگ کو مہنگا پڑا ،حکومت نے اُنہیںمعطل کر کے تحقیقات کا حُکم دیا ہے ۔سماجی فلاح و بہبودمحکمہ کی جانب سے کوکرناگ میں لڑکیوں کے لئے تعلیم کو فروغ دینے کے لئے ایک تقریب بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو منعقد ہوئی۔ اس موقعہ پر محکمہ کی جانب سے بیٹی پڑھائو بیٹی بچائو بینر میں ملک کی 12قابل تعریف نامور خواتین جن میں ریاستی وزیر اعلٰی محبوبہ مفتی ،سابق وزیر اعظم اندراگاندھی ،پہلی خاتون پولیس سروس آفیسر کرن بیدی،کشمیری خاتون آئی اے ایس آفیسر دیبا فرحت ،خلاء باز کلپنا چاولہ ،ٹینس کھلاڑی ثانیا مرزا،مدر ٹریسا اور گلوکارہ لتا منگیشکر شامل ہیں، جنہوں نے ملک کے لئے مختلف میدانوں میں اپنی خدمات انجام دی ہے۔ فہرست میں علیحدگی پسند خاتون لیڈر دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی تصویر کو بھی شامل کیا گیاتھا ،جس کے بعد اس بینر سے ملکی سطح پر زبردست بحث چھڑ گئی اور بینر میں حریت خاتون کو شامل کر نے والے آفیسر کے خلاف سخت کاروائی کر نے کی مانگ کی گئی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے واقع کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایک آرڈڑ زیر نمبر DCA/PA/2017/998-1002کے تحت پروجیکٹ آفیسر شمیمہ اختر کو انکوئری مکمل ہونے تک معطل کیا جبکہ حکومت نے بھی اس سارے معاملے میں انکوائری کا حکم دیا ہے ،آسیہ اندرابی فی الحال سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں ہیں۔
دختران ملت سربراہ کوئی رول ماڈل نہیں:سجاد غنی لون
سرینگر//دختران ملت کی محبوس سربراہ آسیہ اندرابی کو رول ماڈل نہیں بلکہ خطا کار قرار دیتے ہوئے سماجی بہبود کے ریاستی وزیر سجاد غنی لون نے کہا ہے کہ جنوبی ضلع اننت ناگ میں ’بیٹی بچائو ،بیٹی پڑھائو ‘ اشتہاری مہم میں غفلت شعاری برتنے والے افسر کو معطل کیا گیا ہے اور معاملے کی نسبت تحقیقات کے احکامات صادر کئے گئے ۔سماجی بہبود کے ریاستی وزیر سجاد غنی لون نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نہ جموں وکشمیر میں خواتین کیلئے کوئی رول ماڈل ہے اور نہ ہی دنیا میں کسی اور جگہ ۔ان کا کہناتھا کہ وہ صرف خطا کاری میں بہترین ہے اور وہ پوری دنیا میں بے مقصد متاثرہ معاشرے کی نمائندگی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنو بی ضلع اننت ناگ میں ’بیٹی بچائو ،بیٹی پڑھائو ‘ اشتہاری مہم میں غفلت شعاری بد قسمتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اشتہاری میں مہم آویزاں کئے گئے ایک بینر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی تصویر ،وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،اندرا گاندھی وغیرہ سمیت چسپاں کی گئی تھی ۔ان کا کہناتھا کہ اشتہاری مہم میں(سی ڈی پی اوز )کو اعلیٰ حکام کی اجازت ضروری نہیں ہوتی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ سی ڈی پی او نے اشتہاری مہم میں بڑی غفلت برتی ہے ملک کی بہترین اور کامیاب ترین خواتین شخصیات کی فہرست میں آسیہ اندرابی کوبھی شامل کیا ۔ان کا کہناتھا کہ ریاستی محکمہ سماجی بہبود یہ واضح کردینا چاہتا ہے کہ آسیہ اندرابی جموں وکشمیر کے خواتین کیلئے کوئی رول ماڈل نہیں ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ اشتہاری مہم میں غفلت برتنے والے افسر کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے اور معاملے کی نسبت انکوائری کے احکامات صادر کئے گئے ۔