نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہاکہ حکومت کا عزم ہے کہ ملک کی آزادی کے سو برس مکمل ہونے تک ملک کے تمام مسائل حل ہوں۔بی جے پی کی سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے پیر کو یہاں بی جے پی کی طرف سے منعقد جن آشیرواد یاتر ا سے متعلق معلومات دیتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں منعقد ہورہی اس یاترا میں شامل ہونے والے تمام مرکزی وزیر عوام کے درمیان جاکر نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی کامیابیوں کی معلومات دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو خوشحال بنانے کے حکومت کے عزم کو پورا کرنے میں عوام کی شراکت داری ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ مسٹر مودی نے آزادی کے 75ویں برس کے موقع پر لال قلعہ سے اپنی تقریر میں ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس کے ساتھ سب کا پریاس‘ کا نعرہ دیا ہے۔محترمہ لیکھی نے کہاکہ حکومت خاص طورپر غریبوں کے مفادات سے منسلک ایک کے بعد ایک فیصلہ کن قدم اٹھارہی ہے۔خیال رہے کہ آج سے بی جے پی نے پورے ملک میں جن آشیرواد یاترا کی شروعات کی ہے۔ اس یاترا میں مرکزی کابینہ میں شامل نئے اور عہدے میں ترقی پانے والے 39 وزیر پورے ملک کے 212لوک سبھا حلقوں کا دورہ کریں گے۔