سرینگر//جموں و کشمیر بینک میںسب سے اعلیٰ عہدے کی تبدیلی کے حوالے سے ریاستی سرکار کے حکم نامہ کی تعمیل کرتے ہوئے آر کے چھبر نے جے اینڈ کے بینک کے عبوری چیئرمین اور منیجنگ ڈایئریکٹر کے بطور چارج سنبھالا۔ اس سے پہلے8 جون 2019 کو بینک کے صدر دفتر میں منعقد بورڈ آف ڈایئریکٹرس کی میٹنگ میں اس سرکاری حکم نامے کو تسلیم کرتے ہوئے یہ قرار دار پاس کی کہ 8جون 2019سے آر کے چھبر بورڈ آف ڈایئریکٹرس میں ریاست جموں و کشمیر کے نامزد ڈایئریکٹر ہونگے۔ اسکے علاوہ بورڈ نے ایک اور قرار داد کو منظوری دیدی کہ بشرط ریزور بینک آف انڈیاکی منظوری کے آر کے چھبر بینک کے عبوری چیئرمین اور منیجنگ ڈایئریکٹر ہونگے۔ اسکے علاوہ آر کے چھبر بورڈ کی اُن تمام جزوی کمیٹیوں کے عبوری چیئرمین بھی رہینگے جن کی صدارت اس سے پہلے بینک کے سابقہ چیئرمین کر رہے تھے۔ بورڈ نے اسکے علاوہ یہ سفارش بھی کی کہ SEBIضوابط اور آر بی آئی قواعد کے مطابق چیئرمین اور منیجنگ ڈایئریکٹر عہدے کو الگ الگ بانٹا جائے گا۔ اس موقع پر آر کے چھبر نے کہا کہ بینک کے قابل قدر ملازمین پر اُنہیں مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے اورہم سب موجودہ حالات سے ابھر کر ایک نئے کامیاب منزل کی جانب گامزن رہیں گے اور ہم پُر امید ہیں کہ بینک کو تمام تعلق داروں کا تعاون بر قرار رہیگا جن میں ریاستی سرکار، ضابطہ کار، قابل بینک انتظامیہ اور محنتی ملازمین شامل ہیں۔نئے عبوری چیئرمین نے کہا کہ اُنکی ترجیحات میں، ریاست کی معاشی ترقی، بینک کی کاروباری بڑھت ، منافع کاری اور ملازمین کی فلاح و بہبود شامل رہیں گی جس کیلئے اپنے گاہکوں کا اعتماد، بہتر حکمت عملی، انتظامی شفافیت اور احکامات کی عمل آوری جیسی چیزیں بہت ضروری ہیں۔ دریں اثناء جے کے بینک ملازمین نے اپنے نئے چیئرمین کا بینک کے کارپوریٹ آفس میں والہانہ استقبال کیا اور انہیں کارپوریٹ اہداف کی تکمیل میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
۔37سالہ کیریئر میں تمام اہم عہدوں پر کام کیا
سرینگر//آر کے چھبرجے کے بینک میں بطور پروبیشنری آفیسر سال 1982میں شامل ہوئے اور گزشتہ 37 برسوں سے مختلف عہدوں پر بینک میں اپنی محنت اور قابلیت کا ثبوت پیش کیا ۔ بزنس آپریشنز سے لیکر زونل اور کارپوریٹ سطحپر انہوں نے جن شعبوں میں مہارت پائی ان میںکریڈٹ فائنانس، آئی ٹی، کارپوریٹ اینڈ رٹیل قرضہ جات، رسک منیج منٹ، ٹریڈ فائنانس، فارن ایکس چینج، پلاننگ ہیومن رسورسز، بینک اشورنس وغیرہ شامل ہیں۔ وائس پریزیڈنٹ آئی ٹی ہوتے ہوئے انکی قیادت میں بینک نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں کافی پیش رفت کی۔ تقریباً تین سال یہ جے اینڈ کے گرامین بینک کے چیئرمین رہے جس دوران اپس بینک نے کافی کاروباری اہداف کو چھولیا۔ جے اینڈ کے بینک کے بطور چیئرمین تعیناتی سے قبل وہ بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ عہدے پر تھے جہاں یہ بینک کے چیف کمپلائنس آفیسر کے علاوہ بزنس سپورٹ ڈویژن، انشورنس، گورنمنٹ بزنس، سبسڈری مینجمنٹ ، لیڈ بینک ، کلچر اینڈ سپورٹس محکموں کے انچارج تھے۔
اقدامات کا خیر مقدم :عمرعبداللہ
سرینگر//سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں کشمیر بنک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس مالی ادارے کے ساتھ کوئی بھی سیاست کرنے پر خبردار کیا۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اتوار کو کہا کہ جموں کشمیر بنک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا جائے گا۔عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر اپنا پیغام درج کرتے ہوئے کہا’’ بنک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے کسی بھی قدم کا خیر مقدم ہوگا،تاہم اموجودہ انتظامیہ بنک کے ساتھ سیاست کرنے پر لازمی طور اس کا دفاع کریں،اور یہ علاقائی سیاست کیلئے ٹرافی نہیں ہے۔‘‘