سرینگر// جموں و کشمیر بینک اپنے کاروباری اہداف میں مزید سرعت لائے گا، بہتری کی جا نب اپنی پیش قدمی کو جاری رکھے گا اور تمام تعلق داروں کے اعتماد اور بھروسے کو بر قرار رکھے گا۔ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر بینک کے نو منتخب چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر آر کے چھبر نے کیا جب وہ اپنی پہلی کانفرنس کال پرسرمایہ کاروںسے مخاطب ہوئے۔ انہوں نے تمام تعلق داروں کو یقین دلایا کہ بینک اپنا کاروبار بدستور اُس پالیسی پر چلائے گا جو پہلے ہی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے مرتب کی ہے۔ ریاستی سرکار جو کہ بینک کی سب سے بڑی تعلق دار ہے کی نمائندگی کر رہے جے اینڈ کے گورنمنٹ کے فائنانشل کمشنر ڈاکٹر ارون کمار مہتا بھی کانفرنس کال کے ذریعے سرمایہ کاروںسے محو گفتگو ہوئے ۔ اس موقع پر بینک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر آر کے چھبر نے کہا کہ بینک کا سارا انفارمیشن سسٹم مضبوط ہے اور بینک کی ریگولیٹری ریٹنگ میں مزید بہتری لائی جائے گی اور تمام خدشات کو دور کر نے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے تعلق داروں اور سرمایہ کاروں کو یہ جانکاری بھی دیدی کہ چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر جیسے دو عہدوں کو علحیدہ کیا جائے گا جو کہ SEBIضوابط اور آر بی آئی ہدایات کے مطابق ہوگا۔بینک کے چیف کمپلائنس آفیسر کویہ کام سونپا گیا ہے کہ وہ ویجی لنس طریقہ کار میں شفافیت اور بہتری لائے۔ حالیہ بینک قیادت کے حوالے سے تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ یہ ایک تعمیری تبدیلی کا حصہ ہے اور اینٹی کورپشن بیورو کی طرف سے چھان بین کا کوئی اثر بینک کی مالیات پر نہیں ہے کیونکہ یہ چھان بین شکایات پر مبنی ہے۔ ڈاکٹر ارون کمار مہتا آئے اے ایس نے بھی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ ریاستی سرکار کا بھر پور تعاون ہمیشہ جے کے بینک کے ساتھ رہیگا اور اس جانب کئی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کا اعتماد اس بینک پر بر قرار رہے اور جوابدہی، شفافیت اور احتساب ہمارا مقصد رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اس بینک کو ملک کا سب سے بہترین بینک دیکھنا چاہتی ہے اور حالیہ مہینوں کی سر گرمیاں اُسی جانب ایک پیش رفت ہے۔