جموں// راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت 30 ستمبر سے 3 اکتوبر تک چار روزہ دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں۔ جموں میں چار روزہ قیام کے دوران ڈاکٹر موہن بھاگوت کئی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔آر ایس ایس کی روایت کے مطابق ہر سال سرسنگھ چالک تنظیمی کام کے حصے کے طور پر ملک کے تمام صوبوں کا سفر کرتے ہیں اور ممتاز افراد سے بات چیت کرتے ہیں۔ کورونا دور کے بعد پہلی بار وہ جموں آرہا ہے۔ اس سے قبل سال 2016 میں وہ جموں پہنچے تھے۔وہ 30 ستمبر کو جموں پہنچیں گے۔جموں میں اپنے چار روزہ قیام کے دوران بھاگوت مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ اندرون خانہ مختلف تنظیمی اجلاسوں کے علاوہ وہ 2 اکتوبر کو جنرل زوراور سنگھ آڈیٹوریم ، جموں یونیورسٹی میں ایک سیمینار سے خطاب کریں گے۔3 اکتوبر کوبھاگوت جموں و کشمیر صوبے میں آن لائن موڈ کے ذریعے سنگھ کے سویم سیوک سے خطاب کریں گے۔ سویم سیوک منڈل اور بستی سطح پر جمع ہوں گے تاکہ ان کا آن لائن خطاب سن سکیں۔ڈاکٹر موہن بھاگوت جموں میں اپنے قیام کے دوران راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ، جموں اور کشمیر صوبہ ٹیم کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ڈاکٹر بھاگوت آر ایس ایس کی جانب سے جموں و کشمیر میں شروع کیے گئے مختلف منصوبوں بشمول سیوا ، تعلیم ، عوامی آگاہی ، صحت ، دیہی ترقی ، ماحولیات ، پانی کے تحفظ ، سماجی مساوات وغیرہ کا جائزہ لیں گے۔وہ صوبے کے پرچارکوں کے ساتھ ساتھ منتخب معززین سے بھی بات چیت کریں گے۔