آرینز کالج کے اہتمام سے یوم آئین منایا گیا

سرینگر//آرینز کالج کے اہتمام سے آئین کی اہمیت کو فروغ دینے کے لئے کئی سرگرمیوں کا اہتمام کیاگیاجس مین کالج کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم طالب علموں نے شرکت کی۔ آریانز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے تمام طلبہ کو پوری طرح سے مقابلوں میں حصہ لینے پر ان کی تعریف کی اور آئندہ اس طرح کے پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی تحریک دی۔اس موقع پر ایڈوکیٹ گگن پردیپ ایس بال نے آرینزکے طلبہ اور فیکلٹی ممبروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی یوم آئین کو ’سمودان دیوس‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اس کی اہمیت اس حقیقت میں ہے کہ سال 1949 میں اس دن دستور ساز اسمبلی کے ذریعہ آئین کا مسودہ تیار کیا گیا تھا جس نے 9 دسمبر 1946 کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سربراہی میں کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 2 سال ، 11 ماہ اور 17 دن کے عرصہ کے بعد آئین مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا آئین دنیا کے کسی بھی خودمختار ملک کا سب سے طویل تحریری آئین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کا مقصد آئین میں درج بنیادی فرائض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پر ورچوئل تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیاجس میںمسکان ، دلیشہ ، عادل ، پنکی ، چیراگ اوراجول نے مختلف موضوعات پر بات کی۔