اننت ناگ/ / محلہ عیدگاہ اور محلہ پائین آرونی میں پانی کی قلت سے لوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ محلہ عیدگاہ اور محلہ پائین کے مکینوں کاکہنا ہے کہ سردیوں کے ایام میں پانی کی عدم دستیابی سے گونا گوں مشکلات درپیش ہیں۔مذکورہ علاقوں کے لوگوں کاکہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی کی قلت کے سبب وہ ان دنوں برف پگھلا کر استعمال کرنے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ لوگوں کاالزا م ہے کہ موٹر لگانے سے محلہ عیدگاہ اور محلہ پائین میں پانی کی ایک ایک بوند بھی دستیاب نہیں ہوتی ہے ۔ مکینوں کاکہنا ہے کہ آرونی سے نالہ ویشو 5کلومیٹر دور ہے اور وہاں سے پانی لاتے لیکن نالہ کے کناروں پر سینکڑوں بیت الخلاء بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے یہ پانی ناقابل استعمال ہے۔ لوگوں کاکہناہے کہ ان کے علاقے ضلع اسلام آباد سے منسلک ہیں اور واٹرورکس بجبہاڑہ کے بجائے انہیں واٹر ورکس کولگام کے ساتھ رکھاگیاہے جو سمجھ سے بالا تر ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ اگر مذکورہ علاقوں کو بجہباڑہ واٹر ورکس کے ساتھ منسلک رکھا گیا ہوتا تو وہ پانی کی قلت کے معاملہ کو لیکر آسانی سے وہاں جاسکتے تھے لیکن شکایت کولیکر لمبی مسافت طے کرکے کولگام جانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ لوگوںنے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کے معاملہ کوحل کیاجائے اور آرونی کو بجبہاڑہ واٹر ورکس کے ساتھ منسلک رکھا جائے تاکہ عوام کو راحت نصیب ہوسکے۔
آرونی میں پینے کے پانی کی قلت،لوگ شدید مشکلات سے دوچار
