آرمپورہ گاندربل میں آتشزدگی میں رہائشی مکان خاکستر

گاندربل//ارشاد احمد//ارم پورہ گاندربل میں آگ کے واقعہ میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا جبکہ بیٹی کی شادی کیلئے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات،ملبوسات اور برتن راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے اور مالک مکان کا بیٹا جھلس کر زخمی ہوگیا۔ جمعرات اور جمعہ کی شب 2بجے محمد سلیم میر ولد عبدالرحیم کے رہائشی مکان میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو دی گئی۔ اس دوران مقامی لوگوں اور پولیس نے آگ بجھانے کی کوششیں شروع کی۔ ارم پورہ رابطہ سڑک پر نجی گاڑیاں کھڑی کرنے کی وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی گاڑیوں کو آگ بجھانے کی کارروائی میں مشکلات پیش آئیں اور آگ پر قابو پانے میں وقت لگ گیا۔ آگ کے واقعہ میں رہائشی مکان اوراس میں موجود مال و اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا جبکہ مالک مکان کابیٹا ذیشان جھلسنے سے زخمی ہوگیا اور اسے پولیس نے فوری طور پر علاج و معالجہ کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ محمد سلیم میر کی دختر کی شادی جون میں طے پائی ہے جس کے لئے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات، کپڑے برتن وغیرہ لائے گئے تھے جو آگ کے واقعہ میںمکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔