بارباڈوس/آل راؤنڈر جیسن ہولڈر اور لیفٹ آرم اسپنر عقیل حسین کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے اتوار کو یہاں پانچویں اور فیصلہ کن ٹی-20 میچ میں انگلینڈ کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-2 سے جیت لی۔میزبان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور کپتان کیرون پولارڈ (41)، کائل میئرز (31) اور روومین پاویل (35) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 179 رنز بنائے ۔ بعد ازاں ہولڈر اور حسین کی خطرناک باؤلنگ سے انگلینڈ کی ٹیم 19.5 اوورز میں 162 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دونوں گیند بازوں نے مل کر نو وکٹیں حاصل کیں۔ ہولڈر نے صرف 2.5 اوورز میں 27 رن دے کر پانچ جبکہ حسین نے چار اوورز میں 30 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس نے 35 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ وکٹ کیپر بلے باز سیم بلنگز نے 28 گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکوں کی مدد سے 41 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔اس سے قبل پہلے اوپنرز کائل میئرز اور برینڈن کنگ نے ویسٹ انڈیز کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان پہلے وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت ہوئی۔ میئرز 19 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ برینڈن 31 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر اپنا وکٹ گنوایا۔اچھی شروعات ملنے کے بعد کپتان پولارڈ نے آخر میں اننگز کو اچھا فنش دیا۔ انہوں نے پاویل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت داری کی۔ پولارڈ نے جہاں ایک چوکا اوردوچھکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 41، وہیں پاویل نے ایک چوکا اورچارچھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 35 رن کی دھماکے دار اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں ناٹ آوٹ رہے ۔ انگلینڈ کی طرف سے عادل راشد اورلیام لیونگ اسٹون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر کو پانچ وکٹیں لینے پر 'پلیئر آف دی میچ' اور پوری سیریز میں بلے اور گیند دونوں کے ساتھ بہترین تعاون کے لیے 'پلیئر آف دی سیریز' قرار دیا گیا۔(یواین آئی)