سرینگر // محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز تک جموں وکشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ13،14اور 15جون کو جموں وکشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ اس بیچ ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اگلے 5دن تک گرم موسم میں ہونے والی بارشوں کے پیش نظر اپنے باغات میں دوائی کا چھڑکائو نہ کریں ۔معلوم رہے کہ پچھلے کچھ دنوں کے دوران وادی اور جموں میں درجہ حرارت بالترتیب 34اور 45ڈگری سیلسیش تک جا پہنچا تھا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرینگر میں اتوار کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.4ڈگری تھا ۔جبکہ قاضی گنڈ میں 27.0پہلگام میں 24.3ڈگری ، کپوارہ میں 27.8ڈگری ، کوکرناگ 25.9، گلمرگ میں 17.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادھر جموں میں بھی حالیہ بارشوں کے بعد موسم میں تبدیلی آئی اور درجہ حرارت کم ہوا ۔ جموں میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.4ڈگری ، بانہال میں 26.6 ڈگری ، بٹوٹ 26.1ڈگری ،کٹرہ میں 31.0ڈگری ، بھدواہ میں 30.4ڈگری ، اور رام بن میں 33.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے لوگوں نے قدرے راحت محسوس کی ہے۔