کشتواڑ// لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا نے جہاں چند روز قبل کشتواڑ سنتھن شاہراہ کو مکمل طور آمدورفت کیلئے بحال کرنے کو کہا تھا وہیں آج سے اس شاہراہ پر سبھی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر اس سڑک کو بحال کیا جارہا ہے اور کشمیر سے کشتواڑ آنے والے سبھی افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گے جسکے بعد ہی انھیں ضلع میں آنے کی اجازت ہوگی ۔انھوں نے بتایا کہ میڈیکل کی ٹیموں کو چیک پوسٹ پر تعینات کیا جائے گا جو آنے والے ہر شخص کا ٹیسٹ کریں گے، اگر کسی کے پاس آر ٹی پی سی آر اٹھتالیس گھنٹے کی رپورٹ ہوگی، اسے بھی اجازت ہوگی۔واضح رہے کہ ایک ماہ قبل اس سڑک کو میڈیکل ایمرجنسی کیلئے بحال کیا گیا تھا اور پاس کے بعد ہی اس پر چلنے کی اجازت دی جاتی تھی لیکن اب اسے مکمل طور بحال کیا گیا ہے جسے مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے۔