سرینگر//جموں اور سرینگر سمیت کئی رہائشی علاقوں جن میں پارمپورہ سرینگر،حمزہ کالونی بٹہ مالو، ریذیڈنسی روڈ جموںاورآبی بچھوارہ ڈلگیٹ سرینگر شامل ہیں، میں الگ الگ آتشزدگی وارداتوں میں انسانی جانوں کے زیاں اور مال و جائدادکے نقصان پردارالخیر میرواعظ منزل کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا گیا۔داالخیر کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں دارالخیر نے امدادی اور فلاحی اداروں سے متاثرین کی فوری امداد اور تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ متاثرین شدید حالا ت سے نکل کر معمول کی زندگی شروع کرسکیں۔ دارالخیر کے ایک وفدنے مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میںحمزہ کالونی بٹہ مالو جاکر متاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ دیگر متاثرہ مقامات میں بھی عنقریب دارالخیر کا وفد پہنچنے کی کوشش کریگا۔اس موقع پر دارالخیر میرواعظ منزل نے یہ بات پھر واضح کی ہے کہ ملت کشمیر اس حقیقت سے باخبر ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل اپنے قیام کی مدت سے لیکر آج تک برابر اپنے مخلصین کی مالی اور جنسی معاونت سے برا بر بلا امتیاز مذہب و ملت متاثرین کی حتی المقدور امداد اور بحالی کیلئے اپنی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔اس ضمن میں دارالخیر میرواعظ منزل نے اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے تاکہ امدادی کام جاری رکھا جاسکے۔
آتشزدگان سے اظہار ہمدردی | دارالخیر میرواعظ منزل نے امدادی سامان پیش کیا
